مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کو محض ایک فوجی تصادم یا جوہری پروگرام کے تنازعے کے تناظر میں نہیں دیکھا جاسکتا، بلکہ یہ مغربی ایشیا کے اہم ترین خطے میں امریکی طاقت کی حدود کا امتحان بن چکی ہے۔ اس جنگ کے نتائج خطے کے سکیورٹی توازن اور عالمی طاقتوں کے کردار کو آنے والے برسوں میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس تبدیلی کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب امریکہ کے بعض ممتاز نظریہ ساز بھی اس دور کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں جس میں بڑی طاقتیں خطے کے مستقبل کا فیصلہ کرتی تھیں۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور بین الاقوامی تعلقات کے ممتاز نظریہ ساز اسٹیفن والٹ نے امریکی جریدے فارن پالیسی میں اپنے مضمون ’’مشرق وسطیٰ بالآخر اپنے پیروں پر کھڑا ہو رہا ہے‘‘ میں لکھا ہے کہ ایران کی جنگ خطے میں بڑی طاقتوں کی ایک صدی پر محیط مداخلت کے خاتمے کا باعث بن رہی ہے۔ ان کے مطابق 1919ء کے بعد پہلی مرتبہ مغربی ایشیا کے مستقبل کا فیصلہ پہلے سے کہیں زیادہ خود علاقائی طاقتوں کے ہاتھ میں ہوگا۔ والٹ اس جنگ کو ایک اہم موڑ قرار دیتے ہیں جس نے بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے زوال کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔
مغربی ایشیا میں بیرونی مداخلت کی ایک صدی
اس تجزیے کی اہمیت سمجھنے کے لیے مغربی ایشیا میں بڑی طاقتوں کی مداخلت کی تاریخ پر نظر ڈالنا ضروری ہے۔ پہلی جنگ عظیم کے بعد سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے نتیجے میں برطانیہ اور فرانس نے اپنے اثر و رسوخ کے علاقوں کو تقسیم کیا اور نئے سیاسی ڈھانچے قائم کرکے خطے کے مستقبل کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ نے بتدریج یورپی طاقتوں کی جگہ لے لی اور فوجی بغاوتوں، اتحادی حکومتوں کی حمایت، اسلحے کی فروخت، فوجی اڈوں کے قیام اور براہ راست فوجی مداخلت کے ذریعے خطے کے سکیورٹی نظام کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کی۔ 1953ء میں محمد مصدق کی حکومت کے خلاف بغاوت، 1991ء کی خلیجی جنگ اور 2003ء میں عراق پر امریکی حملہ اس سلسلے کے نمایاں واقعات ہیں۔
تاہم گزشتہ دو دہائیوں کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ فوجی برتری لازماً سیاسی نتائج پر کنٹرول کی ضمانت نہیں ہوتی۔ امریکہ عراق اور لیبیا میں اپنے ابتدائی اہداف کے مطابق مستحکم نظام قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ روس بھی بشار اسد کی حکومت کو اقتدار سے ہٹنے سے نہیں بچا سکا۔ سعودی عرب جدید اسلحے اور وسیع فوجی حمایت کے باوجود یمن میں انصاراللہ کو سیاسی اور عسکری منظرنامے سے ختم نہیں کر سکا۔ اسی طرح اسرائیل بھی وسیع فوجی کارروائیوں کے باوجود حماس اور حزب اللہ کو مکمل طور پر ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
والٹ کے نزدیک یہ تمام واقعات بیرونی طاقتوں کی فوجی مداخلت کی محدود ہوتی ہوئی افادیت کی نشانیاں ہیں، جبکہ ایران کے خلاف جنگ نے اس حقیقت کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
ایران نے امریکی مداخلت کی قیمت بڑھا دی
اس تناظر میں ایران کا معاملہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ واشنگٹن نے کئی دہائیوں سے ایران کے خلاف وسیع اقتصادی پابندیوں، سفارتی دباؤ، فوجی دھمکیوں اور براہ راست کارروائیوں سمیت مختلف طریقے استعمال کیے، لیکن ایران نے اپنے سیاسی نظام کو برقرار رکھنے کے ساتھ میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی نمایاں صلاحیتیں حاصل کیں۔ اس طرح اس نے اپنے خلاف فوجی کارروائی کی قیمت مخالف فریق کے لیے بڑھا دی ہے۔
والٹ بھی اپنے مضمون میں اسی پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ طویل عرصے تک امریکی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی ایران کی صلاحیت بیرونی مداخلت کی کم ہوتی ہوئی افادیت کا ایک اور ثبوت ہے۔
اس تبدیلی کا ایک اہم پہلو فوجی اخراجات اور اسٹریٹجک نتائج کے درمیان بڑھتا ہوا فرق ہے۔ میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کی ترقی نے نسبتاً محدود مالی اور فوجی وسائل رکھنے والے ممالک کو بھی بڑی طاقتوں کے فوجی اڈوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت فراہم کر دی ہے۔ ایسے حالات میں فضائی برتری بھی فتح کی ضمانت نہیں رہی۔
فضائی حملے کسی ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرسکتے ہیں، لیکن اس کے سیاسی نظام کو تبدیل کرنا یا اسے مخالف فریق کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرنا کہیں زیادہ پیچیدہ معاملہ ہے۔ اسی لیے والٹ کے نزدیک ایران پر زمینی قبضے کا آپشن بھی اس کے وسیع رقبے، بڑی آبادی اور عراق و افغانستان میں امریکی ناکامیوں کے تجربات کی وجہ سے انتہائی مہنگا اور غیر حقیقت پسندانہ ہے۔
اس کے علاوہ مغربی ایشیا کی توانائی کی اہمیت میں نسبتاً کمی بھی بڑی طاقتوں کے رویے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ امریکہ میں شیل آئل کی پیداوار میں اضافے اور عالمی معیشت کی بتدریج فوسل ایندھن پر انحصار کم کرنے کی کوششوں نے بڑی طاقتوں کی خطے کے توانائی وسائل پر انحصار کی ضرورت گھٹا دی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ خطے کا تیل اور گیس غیر اہم ہو گئے ہیں، بلکہ اب بیرونی مداخلت کے اخراجات اور اس سے حاصل ہونے والے اقتصادی فوائد کے درمیان فرق بڑھ گیا ہے۔
علاقائی طاقتوں کے ہاتھ میں مستقبل کا فیصلہ
ان تمام تبدیلیوں کے نتیجے میں مغربی ایشیا میں ایک مختلف علاقائی نظام تشکیل پا سکتا ہے، جس میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی ذمہ داری زیادہ تر خود خطے کے ممالک پر ہوگی۔ انہیں اپنی سلامتی کے لیے داخلی صلاحیتوں اور علاقائی تعاون پر پہلے سے زیادہ انحصار کرنا پڑے گا۔
والٹ ایران، سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان بدلتے ہوئے اتحادوں کے امکانات بھی ظاہر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اتحاد لازماً نظریاتی ہم آہنگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ طاقت کے توازن اور مشترکہ سکیورٹی ضروریات کے تحت قائم ہو سکتے ہیں۔ وہ یہ امکان بھی ظاہر کرتے ہیں کہ بعض ممالک بیرونی طاقتوں کی حمایت پر انحصار کم کرنے کے لیے آزاد دفاعی صلاحیت، حتیٰ کہ جوہری بازدارندگی حاصل کرنے کی طرف بھی بڑھ سکتے ہیں۔
تاہم بیرونی مداخلت کے دور کا خاتمہ اس بات کا مطلب نہیں کہ امریکہ، چین اور روس مغربی ایشیا سے مکمل طور پر نکل جائیں گے۔ یہ طاقتیں اقتصادی تعلقات، اسلحے کی فروخت، سرمایہ کاری اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھیں گی۔ بنیادی تبدیلی یہ ہوگی کہ اب انہیں ایسے طاقتور فریقوں کے بجائے، جو اپنی مرضی سے علاقائی معاملات کا رخ متعین کر سکتے تھے، ایسے بیرونی کھلاڑیوں کے طور پر کام کرنا پڑے گا جنہیں مقامی حکومتوں اور علاقائی طاقتوں کے مفادات اور فیصلوں کو زیادہ اہمیت دینا ہوگی۔
اس نقطہ نظر سے ایران کی جنگ کی اہمیت محض اس کے فوجی نتائج تک محدود نہیں ہے۔ اس جنگ نے امریکی فوجی طاقت اور اپنی سیاسی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی صلاحیت کے درمیان فرق واضح کر دیا ہے اور واشنگٹن کے مطلوبہ سکیورٹی نظام کو برقرار رکھنے کی قیمت بڑھا دی ہے۔
اگر یہ رجحان مستحکم ہوجاتا ہے تو ایران نہ صرف مغربی ایشیا کے مستقبل کے نظام میں ایک اہم کردار ادا کرے گا بلکہ بیرونی فوجی مداخلت کے خلاف اس کی مزاحمت طاقت اور علاقائی سلامتی کے تصورات کی نئی تشکیل میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس وقت سامنے آنے والی تبدیلی امریکہ کی خطے سے مکمل بے دخلی نہیں، بلکہ اس دور کا بتدریج خاتمہ ہے جس میں واشنگٹن یہ سمجھتا تھا کہ وہ خطے کے عوام اور حکومتوں کی مرضی کو نظر انداز کرکے ان کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ